“کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ہر حال میں جاری رہے گی” صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا یومِ تاسیس پر پیغام
مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ریاست کے یومِ تاسیسکے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ہر حال میں جاری رہے گی اور یہ تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گی۔
صدر نے کہا کہ تحریکِ آزادی کو لاکھوں کشمیریوں نے اپنے خون سے سینچا ہے، بھارت نے ظلم و جبر کے تمام حربے آزما لیے مگر کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کر سکا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبۂ حریت پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے اور وہ ہر قیمت پر آزادی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم الحاقِ پاکستان کی منزل ضرور حاصل کریں گے اور شہداء کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
صدر آزاد کشمیر نے آپریشن بنیان المرصوص میں پاک افواج کی کامیابی پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔