بلوچستان میں کوئی ناراض نہیں، کسی اگر مگر کے بغیر دہشت گردوں کو دہشت گرد کہا جائے: رانا ثنااللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی ناراض نہیں اور نہ ہی کسی حقوق کا معاملہ ہے، دہشت گردوں کو کسی اگر مگر کے بغیر دہشت گرد کہا جانا چاہیے۔
سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مجرمانہ سرگرمیاں چند گروہ مل کر کہیں بھی کر سکتے ہیں، حتیٰ کہ محفوظ علاقوں میں بھی گروہ لوگوں کو یرغمال بنا لیتے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ بلوچستان میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر بسیں روک کر مسافروں کو اتارتے ہیں، دوسرے صوبوں کے لوگوں کو ان کی فیملی کے سامنے شہید کرتے ہیں اور پھر چھپ جاتے ہیں، یہی عناصر جعفر ایکسپریس میں بھی لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسی ناراضی ہے کہ بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جائے؟ انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد جب دہشت گردوں کی میتیں کوئٹہ کےہسپتال لائی گئیں تو انہیں کس نے آ کر قبضے میں لیا؟
انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی ابہام کے بغیر دہشت گردوں کو دہشت گرد کہا جائے، بلوچستان میں کوئی ناراض نہیں اور نہ ہی حقوق کا کوئی مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر دشمن کی ایماء پر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، لہٰذا ان پر بغیر کسی ابہام کے سخت ایکشن ہونا چاہیے۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ جس طرح معرکۂ حق میں دشمن کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح ان دہشت گردوں کو بھی اسی انجام سے دوچار کیا جائے گا۔