پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہا ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوطرفہ اور علاقائی روابط کے فروغ سے معاشی و تجارتی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا، تجارت، معیشت اور توانائی میں تعاون ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور ٹرانس افغان ریلوے سمیت اسلام آباد، تہران، استنبول راہداری جیسے منصوبے علاقائی کنیکٹیویٹی کو نئی جہت دے رہے ہیں۔
ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زمانہ قدیم سے ہمارا خطہ معاشی و تجارتی راہداری رہا ہے، بڑھتی ہوئی معاشی اہمیت نے اس قدیم گزرگاہ کی اہمیت کو دوچند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہمیشہ رابطوں اور تجارت کا مرکز رہی ہے، قدیم شاہراہِ ریشم سے لے کر آج کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو تک ہمارا خطہ ہمیشہ مواقع اور ترقی کا محور رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحیرہ عرب سے قراقرم اور ہمالیہ کے پہاڑوں تک پھیلا ایک منفرد مرکز ہے جو چین، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان رابطوں کا سنگم ہے۔ گوادر اور کراچی کی بندرگاہیں بحری راستوں کو زمینی راہداریوں سے جوڑتی ہیں، جو خطے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا معاہدہ کر کے ایک تاریخی بنیاد رکھی، جو اب خطے کی معاشی ترقی کا فلیگ شپ منصوبہ بن چکا ہے۔ سی پیک نے چین، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان تعاون اور تجارت کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اب دوسرا مرحلہ بزنس ٹو بزنس شراکت داری، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد-تہران-استنبول راہداری اور ٹی آئی آر کنونشن جیسے منصوبے خطے میں رابطوں کے انقلاب کی بنیاد رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ چوتھے صنعتی انقلاب کی رفتار کے ساتھ ہم آہنگ رہ سکے۔ پاکستان سنگل ونڈو سسٹم جیسے اقدامات تجارتی عمل میں شفافیت اور مؤثریت لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون سب کے لیے یکساں فائدہ مند ہے، یہ امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آج ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن کے ثمرات آنے والی نسلیں حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس علاقائی روابط کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان خطے میں معاشی ترقی اور تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے نمائش کا دورہ کیا، مختلف پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور این ایل سی، این ایچ اے اور پاکستان ریلوے کے اسٹالز کا معائنہ کیا۔