وفاقی وزیر داخلہ کا خیبرپختونخوا کی واپس کردہ بلٹ پروف گاڑیاں فوری طور پر بلوچستان بھیجنے کا اعلان

0

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے واپس کی جانے والی بلٹ پروف گاڑیاں فوری طور پر بلوچستان بھیج دی جائیں گی تاکہ وہاں انسدادِ دہشتگردی کی کارکردگی کو مضبوط بنایا جا سکے۔یہ اعلان وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست کے جواب میں کیا گیا۔

محسن نقوی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا۔’وزیراعلیٰ صاحب، کام مکمل ہو گیا۔ یہ بلٹ پروف گاڑیاں انسدادِ دہشتگردی کی کارکردگی بڑھانے کے لیے فوری طور پر بلوچستان بھیج دی جائیں گی۔ آپ کے نوٹس لانے کا شکریہ۔‘
خیبرپختونخواہ کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے۔ وزیر داخلہ @MohsinNaqvi42 سے درخواست ہے کہ اگر خیبرپختونخواہ حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں حکومت بلوچستان کو منتقل کر دیا جائے تاکہ دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کیا جاسکے ۔

یہ اعلان اس تناظر میں آیا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل کی تھی کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت ان بلٹ پروف گاڑیوں کو لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں حکومتِ بلوچستان کو منتقل کر دیا جائے تاکہ صوبہ دہشت گردی کے خلاف بہتر انداز میں مقابلہ کر سکے۔

حکام نے بتایا ہے کہ گاڑیاں جلدی روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں اور ان کی تقسیم سے متعلق تفصیلات جلد میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔ یہ گاڑیاں خاص طور پر انسدادِ دہشتگردی آپریشنز اور حساس علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کے لیے استعمال ہوں گی۔

بلوچستان نے پچھلے برسوں میں بار بار حفاظتی سازوسامان اور اضافی وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی سیکیورٹی ضروریات کے باعث بعض اوقات سامان کی تقسیم اور تقاضے تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ وفاقی سطح پر اس قسم کے مئؤثر ردِ عمل سے صوبائی تعاون اور وسائل کی بروقت منتقلی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے دی گئی ناقص بلٹ پروف گاڑیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خیبر پختونخوا پولیس کی تضحیک ہے، اس لیے انہیں واپس کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.