وزیراعظم نے ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیا، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات

0

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیرِاعظم نے صدر ٹرمپ کو ’امن کے علمبردار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں تنازعات ختم کرنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا، جس سے خطے میں بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کو مدعو کرنے کے اقدام کو سراہا، جس کا مقصد غزہ اور مغربی کنارے میں امن کی بحالی تھا۔

وزیرِاعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان رواں برس طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی اور انسدادِ دہشتگردی تعاون پر بھی بات چیت کی۔ وزیرِاعظم نے پاکستان کے کردار پر صدر ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی عوامی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور انٹیلی جنس و سیکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

آخر میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت دی، جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دو روز قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیشن کے دوران صدر ٹرمپ سے غیر رسمی ملاقات بھی کی تھی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کی تھی، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.