پاسدارانِ انقلاب اشتعال انگیزی سے گریز کرے، کوئی بھی غیر محفوظ اقدام ناقابلِ برداشت ہوگا: سینٹکام
واشنگٹن :امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے خبردار کیا ہے کہ وہ پاسدارانِ انقلاب کے کسی بھی غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ اقدام کو برداشت نہیں کریں گے۔
سینٹکام کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں اتوار سے دو روزہ بحری مشقوں کا اعلان کیا ہے، تاہم پاسدارانِ انقلاب کو سمندر میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے۔
بیان کے مطابق آبنائے ہرمز سے روزانہ 100 سے زائد تجارتی جہاز گزرتے ہیں، اس لیے ایرانی بحری مشقیں محفوظ اور پیشہ ورانہ انداز میں ہونی چاہیے اور بین الاقوامی میری ٹائم ٹریفک کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہیں بننی چاہییں۔
سینٹکام نے مزید خبردار کیا کہ امریکی فورسز، علاقائی شراکت داروں اور کمرشل جہازوں کے قریب غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ رویہ تصادم کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سینٹکام پاسدارانِ انقلاب کے کسی بھی غیر محفوظ اقدام کو برداشت نہیں کرے گا اور امریکی اہلکاروں، جہازوں اور طیاروں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔