پاکستان اور پولینڈ کا تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد: پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پولینڈ کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ رادوسواف سیکورسکی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہتوں تک وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور پولینڈ اپنے تعلقات کو باہمی احترام، مساوی شراکت اور باہمی مفاد کی بنیاد پر مزید مضبوط بنائیں گے۔
ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سیاسی شراکت داری کے فروغ سمیت توانائی، انفراسٹرکچر اور دفاعی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔دونوں وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور پولینڈ خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر علاقائی و بین الاقوامی امور پر اشتراکِ عمل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں اور موجودہ دور میں انہیں نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مؤثر سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کی ضرورت ہے۔
🔴LIVE: Joint Press Stakeout between DPM/FM of Pakistan and Deputy Prime MInister, Foreign Minister of Poland https://t.co/i16DkrQc5x
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 23, 2025
ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ملک پولینڈ کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، جبکہ پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسواف سیکورسکی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید گہراکرنے کا خواہاں ہے۔