صدر آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نامزد سفیر شفقت علی کی ملاقات
اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نامزد سفیر شفقت علی خان نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔صدر آصف علی زرداری نے شفقت علی خان کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے سفارتی تجربے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عوامی رشتوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا پُل ہے۔
صدر زرداری نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان اور خطے کے امن کے لیے تعاون کو سراہا اور کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں اماراتی سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر شفقت علی خان دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔