گورنر پنجاب سے آئرلینڈ کی پہلی خاتون سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں تعینات آئرلینڈ کی پہلی خاتون سفیر مس او’نیل نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، ثقافت اور معاشی شعبوں کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آئرش سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ تاریخ ساز پہلی سفیر ہیں، پاکستان آپ کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ دنیا موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے اور پاکستان ان اثرات کی زد میں ہے۔ حالیہ سیلاب نے ملک میں بڑی تباہ کاریاں کیں، تاہم تمام ادارے، حکومت، این جی اوز اور مخیر حضرات متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ 2021 کے سیلاب کے دوران بھی سندھ میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا مگر پوری قوم نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما۔ اس بار بھی ہم ایک قوم بن کر سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے انٹرنیشنل سپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔
آئرش سفیر مس او’نیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بے حد خوشی ہوئی۔ وہ پاکستان کے مثبت امیج کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ میں 30 ہزار پاکستانی صحت کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
آئرش سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں آئرش سفارتخانہ قائم کردیا گیا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات مزید خوشگوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئرش کمپنیاں پاکستان میں اچھا کام کر رہی ہیں اور ان کے پلیٹ فارمز کے ذریعے تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔
مس او’نیل نے پاکستانی عوام کو محنتی، قابل اور جرات مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور معاشی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔