امریکی صدر کا یوکرین کیلئے 80 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 80 کروڑ ڈالر کی نئی فوجی امداد دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس سے یوکرین کی فوج کی مدد کے لیے مزید امداد طلب کریں گے جسے اپنے مشرقی کنارے پر روس کے تازہ حملے کا سامنا ہے۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم سے امریکیوں سے خطاب میں جوبائیڈن نے کیف کے لیے اضافی امداد فراہم کرنے کے لیے کانگریس سے مزید فنڈنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے بھاری توپیں، درجنوں ہاؤٹزر، اور گولہ بارود کے 14 لاکھ 4 ہزار راؤنڈز کے ساتھ ساتھ ٹیکٹیکل ڈرونز یوکرین بھیجنے کا اعلان کیا۔

جوبائیڈن نے یوکرین کی حکومت کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی براہ راست معاشی امداد کا بھی اعلان کیا جوکہ روسی افواج کے محاصرے میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے لڑ رہی ہے۔

جوبائیڈن نے مشرق کی جانب روس کی حکمت عملی کی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی صورتحال نازک مرحلے میں ہے جہاں وہ اس جنگ کے اگلے مرحلے کے لیے میدان تیار کررہا ہے‘۔امریکا اور اتحادی ممالک یوکرین کو مطلوبہ ساز و سامان اور ہتھیار فراہم کرنے کے لیے ہرممکن تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

جوبائیڈن نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے کانگریس سے اضافی فنڈنگ کی درخواست کریں گے، مالیت پر ابھی بات ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’اس کا ابھی فیصلہ ہو رہا ہے، میں محکمہ دفاع سے تجویز پیش کرنے کو کہہ رہا ہوں‘ ۔

اسپیکر نینسی پیلوسی نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی ایوان نمائندگان یوکرین کے لیے اضافی امداد پر اگلے ہفتے جلد غور کرے گا۔یوکرین کی مدد کے لیے ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان بھرپور حمایت حاصل ہے۔

پینٹاگون نے کہا ہے کہ ‘یوکرین کے لیے 80 کروڑ ڈالر کے نئے امریکی ہتھیاروں کے پیکج میں شامل ’گھوسٹ ڈرونز‘ امریکی فضائیہ نے کیف کے لیے فوری تیار کیے ہیں اور ان میں مسلح ’سوئچ بلیڈ‘ ڈرون جیسی صلاحیتیں ہیں۔

پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ یہ خاص طور پر یوکرین کی ضروریات کے حساب سے فضائیہ نے فوری تیار کیا ہے۔نئے پیکیج میں 155 ملی میٹر طویل فاصلے تک مار کرنے والے 75 ہووٹزر، 72 ٹیکٹیکل گاڑیاں اور 100 سے زائد فینکس گھوسٹ ڈرون شامل ہوں گے۔

جوبائیڈن نے ماسکو پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے روس سے وابستہ بحری جہازوں کو امریکی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے سے روکنے کے منصوبے کا اعلان کیا، انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد روس کو مزید تنہا کرنا ہے۔

جوبائیڈن نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ یوکرین پر روس کے حملے سے فرار ہونے والے یوکرینی باشندوں کو عارضی طور پر امریکا آنے کی اجازت دے گی اگر ان کے پاس امریکی اسپانسر ہوں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

امریکی صدر کا یوکرین کیلئے 80 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں