وزیراعظم شہباز نے گورنر پنجاب کو عہدے سے برطرف کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔ وزیراعظم نے انہیں برطرف کرنے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کردی۔وزیر اعظم نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئےگورنر کو عہدے سے ہٹایا ہے۔

گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے انہیں عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا کہ مجھے اس طرح سے نہیں ہٹایا جاسکتا،  ابھی صرف سمری بھیجی گئی ہے جس کے بعد صدر مملکت کے پاس سمری پر دستخط کرنے کے لیے 15دن کا وقت ہوتا ہے۔

ذرائع کے مطابق  وفاق کی جانب سے یہ اقدام اس لیےکیا گیا ہےکہ عمر سرفراز چیمہ نے آج گورنر ہاؤس میں نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف  برداری کی تقریب مؤخر کروادی تھی۔

عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ ابھی نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب  نہ منعقد کی جائے۔

خیال رہے کہ عمر سرفراز چیمہ کو چوہدری سرور کے بعد رواں ماہ ہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب نامزد کیا گیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ نئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کا معاملہ ان کی برطرفی کی وجہ بنا تاہم یہ بھی اطلاعات ہیں کہ گورنر ہاؤس میں چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو بلاکر ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے میں مدد فراہم کریں تاہم انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں