کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی روبی پتھر اسلام آباد میں نمائش کی آڑ میں غائب ہونے کا انکشاف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)آزادکشمیر کے محکمہ اے کے ایم آئی ڈی سی کے زیر اہتمام پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی روبی پتھر اسلام آباد میں نمائش کی آڑ میں غائب ہونے کا انکشاف اور ملوث کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے بجائے انہیں بچانے میں کردار ادا کرنے والے بااثر مافیا پر مشتمل گروہ بگا سیٹھ کی زیر قیادت آزادکشمیر میں ایک بار پھر قیمتی پتھروں پر ہاتھ صاف کرنے کے لیے سرگرم۔دفعہ 22کے تحت پبلک سروس کمیشن کے بغیر نوکری حاصل کرنے والے وجاہت رشید بیگ نے سیکرٹری حکومت بننے کی کوششیں تیز کردیں۔
بگا سیٹھ گروپ جاہت رشید کو سیکرٹری حکومت بنوانے کے لیے لابنگ میں مصروف،وجاہت رشید بیگ کی محکمانہ کرپشن ،بدعنوانیوں اور بدانتظامیوں کی لمبی فہرست احتساب بیورو میں زیر کار ہے۔وجاہت رشید بیگ قیمتی پتھر اسلام آباد میں غائب کرنے کے علاوہ شاردہ میں سرکاری رقبے پر گیسٹ ہاؤس تعمیر کرنے کے معاملے میں بھی ملوث ہے جبکہ شوائی میں فارم ہاؤس قائم کرنے کے علاوہ نابالغ بیٹے کے نام پر پتھروں کی نکاسی کی لیز بھی حاصل کررکھی ہے۔گزشتہ پانچ سال سے ٹیوٹا کے چیئرمین کی حیثیت سے غیر قانونی تقرریوں کا نیا ریکارڈ قائم کرچکا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وجاہت رشید بیگ کی اے کے ایم آئی ڈی سی میں مبینہ کرپشن کی انکوائری اس وقت کے سیکرٹری اکرم سہیل نے کی تھی جنہوں نے واضح طورپر دفعہ 22کے تحت نوکری حاصل کر کے گریڈ 21تک پہنچنے والے وجاہت رشید بیگ کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی مگر بااثر مافیا نے اپنے مذموم مقاصد میں معاون کردار ادا کرنے پر وجاہت رشید بیگ کو نہ صرف بچالیا بلکہ وہ آزادکشمیر کے سب سے بڑے بجٹ کے حامل ادارہ ٹیوٹا کا چیئرمین تعینات ہے۔اپنے مرحوم والد جو سیکرٹری ریٹائرڈ تھے کے علاج معالجہ کے اخراجات کی مد میں ریکارڈ میں ٹمپرنگ کے ذریعے ایک لاکھ کو 11لاکھ بنا کر الزام ثابت ہونے پر رقم واپس جمع کروانے جیسے سنگین معاملات میں بھی ملوث رہا ہے۔
ٹیوٹا ذرائع کے مطابق پانچ سال کے دوران وجاہت رشید بیگ نے محکمہ کے اندر کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے اور درجنوں افراد کی خلاف میرٹ تقرریاں عمل میں لائی ہیں۔ان معاملات میں اسے سابق وموجودہ وزراءحکومت کی مکمل سرپرستی حاصل رہی ہے۔باخبر اور معتبر ذرائع کے مطابق وجاہت رشید بیگ سیکرٹری حکومت بننے کے لیے لابنگ میں مصروف ہے اور مغل بنیادوں پر اہم شخصیات کے ذریعے وزیراعظم سردار تنویر الیاس پر دباؤ ڈال رہا ہے۔وزیر ٹیوٹا دیوان چغتائی بھی وجاہت رشید بیگ کو سیکرٹری حکومت بنوانے کے لیے سرگرم ہیں۔وجاہت رشید بیگ پر محکمہ ٹیوٹا کی خواتین ملازمین کو جنسی طورپر بلیک میل کرنے کے سنگین الزام بھی ہیں جن کی تحقیقات کے ذریعے سنسنی خیز انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔