چینی اساتذہ ،انجینئرز اور ہنر مندوں کے قتل پر ہم نہایت افسردہ ہیں ،ملی یکجہتی کونسل

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ملی یکجہتی کونسل کے وفد نےسانحہ کراچی کے تعزیت کے لئے چینی سفارتکاروں سے ملاقات کے لئے وفاقی دارلحکومت میں سفارتخانے کا دورہ کیا ۔ وفد کی قیادت کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کر رہے تھے۔

وفد میں علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے سربراہ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ،اسلامی تحریک کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی ،جمعیت علمائے پاکستان (نورانی ) کے سیکریٹری جنرل پیر محمد صفدر شاہ گیلانی ، تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین محمد عبد اللہ گل ،جماعت اہل حدیث کے امیر حافظ عبد الغفار روپڑی ،نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ،جمعیت علمائے اسلام(سینئر) کے مرکزی راہنما پیر عبد الشکور نقشبندی،اسلامی جمہوری محاذ کے سربراہ حافظ زبیر احمد ظہیر،ملی یکجہتی کونسل اسلام آباد کے صدر انجینئر نصر اللہ رندھاواجناب ڈاکٹر ظفر محمود نے اس ملاقات کے لیے رابطہ کار کے فرائض انجام دیے۔

اس موقع پر سانحہ کراچی میں جاں بحق ہونے والے چینی اساتذہ اور دیگر واقعات میں دہشتگردوں کے ہاتھوں مارے جانے والے چینی انجینئرز اور ماہرین کے بہیمانہ قتل پر اظہار افسوس کیا گیا ۔ تعزیتی کتاب میں لیاقت بلوچ نے وفد کی طرف سے تاثرات بھی قلمبند کیے۔اس وفد کی ملاقات چینی سفارت خانے کے کونسلر منسٹر ینگ ناؤسے ہو ئی ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ چینی اساتذہ ،انجینئرز اور ہنر مندوں کے قتل پر ہم نہایت افسردہ ہیں او رد ہشت گردی کے ان واقعات کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ ہم پاکستان کی تمام مذہبی جماعتوں کی طرف سے چینی عوام اور اس کی قیادت کی خدمت میں تعزیت پیش کرنے کے لیے آئے ہیں، البتہ ایسے افسوسناک واقعات خود پاکستانیوں کے خلاف بھی ہوتے رہتےہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری رائے میں عالم اسلام اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات استعماری طاقتوں کو گوارا نہیں جبکہ ہم ان تعلقات کو بہت اہم سمجھتے ہیں ۔ پاکستان کے عوام دل کی گہرائیوں سے چین کے عوام سے محبت رکھتے ہیں اور پاک چین دوستی کو دونوں ملکوں کے لیے نہایت ضروری سمجھتے ہیں ۔ چین ہمارے لوگوں کے دلوں میں رہتا ہے کیونکہ چین نے ہمیشہ مشکل مواقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔

کشمیر کے لیے چین کی حمایت کو ہم بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔بھارتی فوج کے خلاف چین کی گذشتہ کامیابی پر پاکستان کے عوام نہایت خوش تھے ۔ چین اس وقت دنیا میں عالمی سامراج کے مقابلے پر ایک نئی اقتصادی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے جسے عالم اسلام بھی اپنے لیے تقویت کا باعث سمجھتا ہے ۔ لیاقت بلوچ نےمزید کہا کہ کہا کہ چین کے مسلمانوں کے بارے میں مختلف ذرائع سے منفی خبریں آتی رہتی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ حقیقت حال کو واضح کرنے اور اس پراپیگنڈہ کو زائل کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطے ضروری ہیں ۔ اس مقصد کے لیے پاکستانی علماء کا چین جا کر مسلمانوں سے ملنا اور ان کے حالات کو نزدیک سے دیکھنا نہایت مفید رہے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں