عمران خان معاشرے میں عدم برداشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہاہے، اویس احمد خان لغاری

لاہور: (نمائندہ خصوصی) ممبر پنجاب اسمبلی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاہے کہ عمران خان معاشرے میں عدم برداشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہاہے – ملک ایسے حالات کا کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتا – پاکستان کی معیشت کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جب یہ شخص حکومت میں تھا تو ملک کا بیڑا غرق کیا او ر آج حکومت سے باہر ہے تو پھر بھی ملکی معیشت کوبربادکرنے کی کوشش کررہاہے  اس لئے اس کا نام برباد خان ہونا چاہیے-

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے دین کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کیا – پنجاب میں پی ٹی آئی اور عثمان بزدار کی حکومت نے صوبے کا بیڑا غرق کیا اور ہسپتالوں سمیت تمام اداروں کو تباہ کرکے پنجاب کو کھنڈر بنا دیا -پنجاب کابینہ تشکیل پائے گی تو سابق حکومت کی کرپشن اور اداروں کی تباہی کی داستانیں سامنے لائیں گے -وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت میں پنجاب کو خوشحال صوبہ بنائیں گے اورجو راستے میں آئے گا منہ کی کھائے گا –

سردار اویس خان لغاری نے 90 شاہراہ قائداعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو لوگوں نے سکھ کا سانس لیاہے اب یہ شخص عوام کو بڑھکانے اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہاہے -پی ٹی آئی حکومت نے بے پناہ قرضے لئے،معیشت تباہ کی اسی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے –

انہو ں نے کہاکہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر آئین شکنی کررہے تھے اسی لئے عدالتیں رات کو کھلیں – عمران خان اب کہتا ہے کہ اکثریت ملی تو مافیا کو ختم کردوں گا – اکثریت کے ساتھ حکومت میں تھا تو مافیا کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی؟- صوبے کے اندرگندگی کے ڈھیر لگے ہیں جس کی وجہ گھوسٹ ملازمین تھے -محکمہ آبپاشی میں انجینئرز کی 102 آسامیا ں خالی تھیں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی نہ کرکے ادارے کو تباہ کیا گیا-

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی حمزہ شہباز نے قحط اور پانی کی قلت کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کئے ہیں – وہ مہنگائی میں کمی لانے کیلئے دن رات مصروف ہیں لیکن پنجاب میں حکومت سازی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے غریبوں کے سبسڈی کے پروگراموں میں بھی رخنہ ڈال رہے ہیں – انہو ں نے کہاکہ پنجاب حکومت ساڑھے چارملین میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے اور صوبے بھر میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بن چکی ہیں عوام کو مکمل ریلیف دیں گے اور انہیں بہترین خدمات ملیں گی –

سردار اویس لغاری نے سیالکوٹ کے واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آئین ریاست میں بسنے والے سب لوگو ں کو احترام دیتا ہے – عیسائی برادری نے اپنی جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی تو یہ ان کی مرضی ہے -دھونس چلائیں گے تو قانون اپنا راستہ بنائے گا –

ممبر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ عمران خان نے سیاست کا آغاز کیا تو سونامی کا نعرہ دیا جس کا مطلب تباہی ہے -قوم نے دیکھا کہ اس شخص نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو  اپنی نالائقی اور غلط طرز حکمرانی سے تباہ کیا -گوگی گروپ نے منصوبہ بندی کے ساتھ لوٹ مار کی – ان کی کرپشن کی داستانیں سامنے لائیں گے –

پی ٹی آئی پاکستان کو انتشار کے راستے پر ڈال کراسے عراق،لیبیا اور مصر کا ماڈل بنانا چاہتی ہے – اس نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کئے لیکن ان پر عمل نہیں کیا -جھوٹ بولنا عمران خان کا وطیرہ ہے -ن لیگ حکومت کے کئے گئے معاہدوں پر عمل درآمد ہوتا تو آج سستی ایل این جی مل رہی ہوتی -حکومت کی کارکردگی پر آواز اٹھانا حق ہے لیکن اس کی آڑ میں آئین اور قانون کو توڑنے نہیں دیاجائے گا -کسی نے امن عامہ خراب کرنے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا – ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہاکہ پرویز الہی کی ساری عمر کی سیاست کا بیڑا غرق ہوگیاہے ان کا امیج ختم ہوچکا لہذا گریس دکھائیں اور گھر چلے جائیں – ہم مسائل سے ڈر کر بھاگنے والے نہیں پاکستان کو مشکل صورت حال سے صرف ن لیگ ہی نکال سکتی ہے –

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں