وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات، اہم ملکی سیاسی امور پر گفتگو

لندن: (مجتبی شاہ) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا ہے کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں،جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہونگے۔

وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کیلئے لندن پہنچ گئے۔ جہاں پر ان کی سابق وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی شریک تھے۔

شہباز شریف سےملاقات کے بعد ہونے والے اجلاس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،وزیر دفاع خواجہ محمدآصف ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب ،وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران لیگی قائد نے سابق صدر آصف زرداری سے فون پر ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی قائد نواز شریف کی ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں،جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہونگے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مریم نواز نے شہباز شریف اور نواز شریف ملاقات کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ وہ کتنے خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں یہ عقید تیں اور محبتیں نصیب ہوتی ہیں ۔

ایک تصویر میں شہباز شریف کو اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے جھک کر گلے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ ملک کی  سیاسی صورت حال پرنواز شریف سے مشاورت کے لئے لندن میں موجود ہیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں