حکومت کا سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمن کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ

سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لئے صدر کوارسال کردیاگیا۔
اسلام آباد: حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لئے صدرمملکت کو ارسال کیاگیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی تصدیق کردی ہے۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنا دیا گیا ہے اور انکی تقرری کی سمری صدر عارف علوی کو بھجوا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پچھلی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کرکے عمر سرفراز چیمہ کو گورنر بنایا تھا۔ عمر چیمہ نے ن لیگ کی نئی حکومت کےلیے کئی مشکلات کھڑی کیں اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔