امریکی مداخلت، عمران خان نے بائیڈن انتظامیہ سے وضاحت مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بائیڈن انتظامیہ سے وضاحت مانگ لی اور سوال کیا کہ منتخب وزیراعظم کو ہٹا کر کٹھ پتلی کو لایا گیا، اس اقدام سے واشنگٹن مخالف جذبات کو تقویت نہیں ملی؟ سابق وزیراعظم نے بیانیے کے حق میں امریکی تجزیہ کار کی ویڈیو بھی شیئر کر دی اور اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بیرونی سازش کے ذریعے ہٹائی گئی، چاہتے ہیں مراسلے پر کمیشن بنا کر اوپن سماعت کی جائے، ہم پر مقدمات بنانے والوں پر غداری کے کیسز چلنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا  کہ پاکستان کا وزیراعظم چین سے اپنے تعلقات بڑھا رہا تھا، کہا گیا پاکستان کا وزیراعظم روس سے تجارت کی بات کررہا تھا اس لیے ہٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ روس ہمیں تیل اور گندم 30 فیصد کم قیمت پر دینے کو تیار تھا لیکن اب ایسے وزیراعظم کو لایا گیا جو امریکہ کی ساری باتیں مانے گا، انہیں چین سے تعلقات محدود کرنا پڑیں گے اور یہ روس سے بھی تجارت نہیں کریں گے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سازش کے تحت کرپٹ ترین آدمی کو وزیراعظم بنایا گیا ہے، اس پر نیب اور ایف آئی اے میں 40 ارب روپے کے کیسز ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں ہماری حکومت بیرونی سازش کے تحت ہٹائی گئی، میں نے قوم کے سامنے مراسلہ رکھا، چیف جسٹس سب کو مراسلہ بھیجا، مراسلہ صدرمملکت، چیف جسٹس اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا، سب کو واضح طور پر بتایا کہ جمہوری ملک کے خلاف سازش کی گئی اور بیرونی ساز ش میں ملک کے میر صادق و میر جعفر ملوث تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان پہلے لوگوں نے اس مراسلے کو نہیں مانا، بہت سے لوگوں نے کہا جھوٹ ہے کہ پاکستان کی حکومت کے خلاف سازش کی گئی، موجودہ وزیراعظم نے کہا مراسلہ جھوٹا ہے بعد میں سب مان گئے اور دوسرے نیشنل سیکیورٹی اجلاس کے بعد سب نے مان لیا کہ مراسلہ ہے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کو اس لیے لایا گیا کہ یہ پاکستان کے مفادات کے خلاف امریکہ کی باتیں مانیں گے،امریکہ کی جنگ لڑنے کی وجہ سے ہمارے 80 ہزار لوگ شہید ہوئے، امریکہ کی جنگ لڑ کر پاکستان کو کیا فائدہ ہوا؟

انہوں نے کہا کہ سب کو خط لکھا ہوا ہے، چاہتے ہیں کہ مراسلے پر تحقیقات کی جائیں، چاہتے ہیں کہ مراسلے پر کمیشن بنایا جائے اور اس کی اوپن سماعت ہو، تحقیقات ہوں گی تو پتہ چلے گا کن کن لوگوں نے ملک کے ساتھ غداری کی؟

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے ہم پر کیسز بنائے اصل میں ان پر غداری کے کیسز چلنے چاہئیں، آج چاند رات کو سب کو جھنڈے لے کرپاکستان کی آزادی کے لئے نکلنا ہے، یہ قوم اللہ کے سوا کسی کی غلامی کیلئے تیار نہیں ہے، امپورٹڈ حکومت قبول نہیں ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں