مسجد نبویﷺ میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت طوفان بدتمیزی بپا کیا گیا، مریم اورنگزیب

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کا چور 15 کروڑ روپے لاگت کی بلٹ پروف گاڑی بھی ساتھ لے گیا۔
اسلام آباد: پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایک شخص گزشتہ 4 سال سے عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہا ہے، اداروں کے بے دریغ استعمال کے باوجود کرپشن ثابت کرنے میں ناکام رہا، انہوں نے الزام لگایا کہ توشہ خانہ کا چور 15 کروڑ روپے لاگت کی بلٹ پروف گاڑی بھی ساتھ لے گیا۔
وزیر اطلاعا ت نے کہاکہ پارلیمنٹ نے ایک کرپٹ اور نااہل شخص کو اٹھا کر ایوان سے باہرپھینکا، نااہل حکمران نے تمام مسلمان ممالک سے تعلقات خراب کیے۔انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کی داستانوں کا کھرا بنی گالا سے ملتا ہے اثاثوں میں اربوں روپے کا اضافہ کرنے والی فرح گوگی معصوم کیسے بن گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسجد نبویﷺ میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت طوفان بدتمیزی بپا کیا گیا، مسجدنبوی کے افسوسناک واقعہ کی ساری منصوبہ بندی عمران خان کی ایما پر ہوئی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سابق حکومت کی انتظامی نااہلی کی وجہ سے ہے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے لوڈشیڈنگ کے جلد خاتمے کی ہدایت کر رکھی ہے۔