فلسفی پولیس افسر ریٹائر

33 سال سے زیادہ خدمات انجام دینے کے بعد، ڈاکٹر سید کلیم امام جو عام طور پر فلاسفر پولیس کے طور پر جانے جاتے ہیں، 25 اپریل 2022 کو اعزاز کے ساتھ ریٹائر ہوئے۔ یہ پولیس فورس کے ایک مثالی سابق سرکاری ملازم ہیں، انہوں نے وزارت نارکوٹکس کنٹرول کے وفاقی سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
قومی اور بین الاقوامی سطح پر چیلنجنگ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے سیاست اور بین الاقوامی تعلقات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، ایس او ایس برطانیہ سے انسانی حقوق کے قانون میں LLM کی ڈگری اور فلسفہ میں LLB اور ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہیں مختلف تربیتی اداروں اور عوامی فورمز پر باقاعدگی سے بحثیت سپیکر مدعو کیا جاتا ہے اور اس کے علاوہ کلیم امام قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد اشاعتوں کے مصنف بھی ہیں۔
آپ بحیثیت آئی جی اسلام آباد بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جہاں سوات آپریشن اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بعد دارالحکومت کو محفوظ بنانے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ بطور آئی جی پنجاب، ووٹنگ کے عمل کے دوران کسی جانی نقصان کے بغیر منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے بھی مشہور ہیں۔
آئی جی سندھ کے طور پر اپنے دور میں، قانون کی حکمرانی پر ان کے پختہ یقین کے لیے بھی ان کی تعریف کی گئی، جہاں انھوں نے کام کے عمل میں اصلاحات اور تنظیم نو کی، اسٹریٹ کرائم کو کم کیا، اور دیہی سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بہت کچھ کیا۔
انہوں نے آئی جی این ایچ ایم پی کے طور پر دو مرتبہ خدمات انجام دیتے ہوئے متعدد آئی ٹی اقدامات متعارف کروائے، اور ڈرائیونگ لائسنس کو موثر طور پر عملدرآمد کرا کے حادثات کو کم کیا۔
اقوام متحدہ کے ساتھ، موزمبیق میں چیف آف آپریشنز، لائبیریا میں پلاننگ کوآرڈینیٹر، ڈپٹی کمشنر اور بعد ازاں سوڈان کے دارفور میں پاکستان کے پہلے اقوام متحدہ کے پولیس کمشنر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ انہیں اقوام متحدہ کے تین امن تمغوں سے نوازا جا چکا ہے۔
قائد اعظم پولیس میڈل، پریذیڈنٹ پولیس میڈل، اور قومی خدمات پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ درجہ بندی کے اعتبار سے انہیں ماہر تعلیم، محقق، سیکورٹی تجزیہ کار اور بین الاقوامی شہرت یافتہ پولیس افسر کے طور پرجانا جاتا ہے۔
محمود علی کھوکھر
ڈی ایس پی بلوچستان پولیس کوئٹہ