وزیراعظم کا چینی سفارتخانے کا دورہ، کراچی واقعے پر قیادت اور عوام سے اظہار تعزیت

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کا دورہ کر کے چینی قیادت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بھی تھیں۔

وزیراعظم نے جامعہ کراچی میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و افسوس کرتا ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کی تیزی سے تحقیقات کریں گے اور مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنادیں گے۔

وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کہا کہ مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے پاکستان میں چینی باشندوں اوراداروں کی سیکیورٹی بڑھانے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ہمارے چینی دوستوں سمیت معصوم جانیں گئیں، یقین دلاتا ہوں کہ ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے گا، ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی، ذمہ داران کی گرفتاری تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی دوست جہاں بھی ہیں، وہاں انہیں اضافی سیکیورٹی دیںگے، وفاقی حکومت سے جو مدد بھی درکار ہوئی فراہم کریں گے، پاک چین تعلقات مثالی ہیں، کسی قوت کو پاک چین تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانیں دیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں