مک مکا کر کے حکومت بنی، اب عمران خان کو نا اہل کرنیکی سازش ہو رہی ہے، شاہ محمودقریشی

سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے اندر کی بات پتہ ہے، کہانی معلوم ہے کہ یہ کابینہ کیسے بنی ہے؟ مک مکا ہوا پھر کابینہ بنی، شہبازشریف کہتا تھا زرداری کا پیٹ پھاڑ کر پیسے لیں گے لیکن اب بھٹو کا نواسہ لندن میں نوازشریف سے 10 سیٹوں کی خیرات مانگنے گیا ہے، لوٹے ارکان کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے، 25 کے 25 نااہل ہوں گے۔

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نکالی جانے والی ریلی اور دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار رخصت ہونے والی پارٹی کا استقبال کیا جا رہا ہے، این اے 157 کے لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، عمران خان کی کشش آپ لوگوں کو یہاں لے کر آئی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے ان معزز ممبران اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بلایا ہے،انہوں نے عمران خان کا ساتھ دیا، ملتان کے منتخب نمائندوں نے ضمیر فروشی نہیں کی، پاکستان کی نئی سیاسی تاریخ لکھی جا رہی ہے، عوام موجودہ حکومت کو مسترد کرچکی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اختر ملک، میاں طارق عبد اللہ، حاجی سلیم نے ضمیر فروشی نہیں کی، یہ وہ سپوت ہیں جنہوں نے عوام کے ووٹ کا احترام کیا، پاکستان کے عوام امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکے ہیں، اسمبلی میں ایک دوسرے کے ساتھ لڑنے والے آج ایک ساتھ ہیں لیکن عوام فیصلہ کرلے کہ اب لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ جتنی مرضی تاخیر کرلیں، جو مرضی جبر دکھالیں، عوام انہیں مسترد کرچکی ہے، عمران خان عید کے بعد ملتان میں جلسے سے خطاب کریں گے، 28 اپریل کو پورے ملک میں شب دعا منانے کا فیصلہ کیا ہے، 27 رمضان المبارک کی رات کو شب دعا میں شامل ہونا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا جو کارکن خاموش تھا آج اپنے لیڈر کے ساتھ جڑ کے کھڑا ہے، 26 اپریل کو الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج ریکارڈ کرانا ہے، کارکنان ہر ضلع میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پرامن احتجاج کریں، الیکشن کمیشن کی کارکردگی آج سوالیہ نشان بن گئی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو نااہل کرنے کے لیے سازش کی جارہی ہے لیکن فقیر کی بات لکھ لو اگلی باری بھی پی ٹی آئی کی ہے۔

رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے کہا کہ این اے 157 کے عوام مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ کھڑے ہیں، این اے 157 کل بھی پاکستان تحریک انصاف کا تھا اور آج بھی تحریک انصاف کا ہے، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ الیکشن میں عمران خان کو دو تہائی اکثریت دلوانی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں